اردن نے بیت المقدس کے بارے میں متوقع امریکی اقدامات کے تناظر میں عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم’او آئی سی‘ کے سربراہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی وزیرخارجہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ عمان نے القدس کی صورت حال پرعرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے ہفتے اور اتوار کو اہم اجلاس بلانے کی دعوت دی ہے۔
قبل ازیں منگل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سےٹیلیفون پر بات کی اور کہا کہ وہ القدس کو اسرائیل کا دارالؓحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔
عمان میں شاہی دیوان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے امریکی صدر ٹرمپ نے اردنی فرمانروا کو بتایا کہ وہ القدس کے بارے میں اسرائیل سے کیا اپنا وعدہ پورا کرنے کی تیاری کرچکے ہیں۔
اس موقع پر اردنی فرمانروا نے امریکی صدر کوخبردار کیا کہ القدس کے بارے میں ان کے متنازع اقدام کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی اقدام سے مشرقی بیت المقدس کو آزاد فلسطینی ریاست کے دارالحکومت بنائے جانے کی کوششوں ، تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل اور خطے میں جاری امن وامان کی مساعی کو شدید نقصان پہنچے گا۔