امریکی صدر کی طرف سے متوقع طورپرمقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کے امکانات پرغور کے لیے کل منگل کو مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط کی زیرصدارت اجلاس میں بیت المقدس اور اس کے تقدس کو لاحق خطرات پرغور کیا جائے گا۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے معاون حسام زکی نے ایک بیان میں کہا کہ عرب لیگ کے مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس کل منگل کو قاہرہ میں طلب کیا گیا ہے۔ یہ اجلاس بیت المقدس کو امریکا کی طرف سے ممکنہ اقدامات اور ان کے نتائج میں لاحق خطرات پرغور وخوض کیاجائے گا۔
خیال رہے کہ عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے گذشتہ روز فلسطینی قیادت سے ملاقات کےدوران القدس کے بارے میں ممکنہ امریکی فیصلے پر سخت تشویش کا اظہار کیا تھا۔
عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس ایک ایسے وقت میں طلب کیا گیا ہے جب دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے کی تیاری شروع کی ہے۔ امکان ہے کہ وہ آئندہ بدھ کو اپنےخطاب میں القدس کے بارے میں اعلان کرسکتے ہیں۔
امریکی صدر کی طرف سے القدس کے بارے میں ممکنہ فیصلے کے خلاف فلسطین سمیت عرب اور مسلمان ممالک کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔