جمعه 15/نوامبر/2024

غزہ پر اسرائیلی فوج کا یہ وقت فضائی اور زمینی حملہ، 3 فلسطین زخمی

جمعہ 1-دسمبر-2017

قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی  پربہ یک وقت فضائی اور زمینی حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم تین فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق قابض فوج نے ٹٰینکوں اور جنگی طیاروں سے غزہ کی پٹی میں مزاحمت کاروں کے متعدد اہداف پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کئی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ روز شمالی غزہ سے ایک ہاون راکٹ اسرائیل کی طرف داغے جانے کے بعد فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ میں حماس کے چار مراکز پر بمباری کی ہے۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی غزہ کی پٹی سے ایک ھاون راکٹ اسرائیلی کالونیوں پر داغا گیا تھا جس کے بعد ٹینکوں اور جنگی طیاروں سے حماس کے زیرانتظام چار مراکز پر بمباری کی گئی۔

غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر ہونے والے کسی بھی حملے پر عموما اسرائیل حماس ہی کو مورد الزام ٹھہراتا ہے۔

غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں کی وحشیانہ بمباری اور ٹینکوں سے گولہ باری کے نتیجے میں تین فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ تینوں کو علاج کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔

مقامی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ٹینکوں نے جمعرات کی شام غزہ کی پٹی میں متعدد اہداف پر گولے داغے، اس کے دو گھنٹے کے بعد قابض اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ میں ربح کے مقام پر بم باری کی۔ ساتھ ہی وسطی غزہ میں النصیرات کے مقام پر ایک مزاحمتی مرکز پر بم گرائے گئے۔ البراق اور مغربی غزہ میں القدس بریگیڈ کے مرکز پر چار میزائل داغے جانے کی اطلاعات ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ میں خان یونس شہر میں القسام بریگیڈ کے ایک مرکز پر بھی بم باری کی۔ خان یونس میں اسرائیلی فوج نے توپ خانے سے بھی شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں کئی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ کی پٹی میں حملوں کے دوران عسقلاب اور سدیروت کے علاقے چلنے والی ٹرین راکٹ حملوں کے خوف سے بند کردی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی