افریقی ملک الجزائر نے سعودی عرب کے اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کو من گھڑت اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ الجزائر کے بنکوں سے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور حزب اللہ کو فنڈز منتقل کیے جاتے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الجزائری وزیر برائے مذہبی امور محمد عیسیٰ نے سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ’عکاظ‘ کی اس رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا جس میں کہا گیا ہے کہ الجزائر کے بنکوں سے حماس اور حزب اللہ کو رقوم منتقل کی جاتی ہیں۔
الجزائر کی سرکاری نیوز ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ محمد عیسیٰ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے اخبار کی رپورٹ میں کوئی صداقت نہیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کے عربی اخبار ’عکاظ‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ باوثوق ذرائع سے پتا چلا ہے کہ حزب اللہ نے الجزائر کے بنکوں میں اپنے لیڈروں کے بنک کھاتے کھولے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان بنک کھاتوں مین الجزائر کے مقامی بنکوں سے بھاری مقدار میں رقوم منتقل کی جاتی رہی ہیں۔
الجزائری وزیر نے سعودی اخبار کی رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے الجزائری بنکوں سے حماس اور حزب اللہ کو رقوم کی منتقلی کے دعوے کو من گھڑت قرار دیا ہے۔
ادھر حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے بھی سعودی اخبار کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔
حماس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی متنازع رپورٹس حقائق کو خلط ملط کرنے اور فلسطینی تحریک مزاحمت کے خلاف اکسانے کی کوشش ہے۔ اخباری رپورٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ ایسے بیانات اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لیے ماحول ساز بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔