قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک کارروائی کے دوران مسجد اقصیٰ کے ایک محافظ سمیت تین فلسطینیوں کو حراست میں لےلیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق جمعرات کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے ’باب السلسلہ‘ کے قریب سے مسجد کے ایک محافظ کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار فلسطینی محافظ حمزہ نمر کو اس سے قبل متعدد مرتبہ قبلہ اول سے بے دخل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس حکام نے حمزہ النمر کو گذشتہ اتوار کو حراستی مرکز میں طلب کیا تھا تاہم انہیں سوموار کے روز اس شرط پر رہا کیا گیا کہ وہ مسجد اقصیٰ میں ایک ماہ تک نہیں آئیں گے۔
ادھر بیت المقدس میں سلوان قصبے سے دو فلسطینی نوجوانوں 19 سالہ علاء توفیق ابو تایہ اور 26 سالہ طارق سعادہ العباسی کو حراست میں لے لیا۔
وادی حلوہ انفارمیشن سیںٹر کی رپورٹ کے مطابق ابو تایہ کو عین اللوزہ کالونی اور سعادہ العباسی کو کروم قمر کالونی سے حراست میں لیا ہے۔
قبل ازیں بدھ کی شام 14 سالہ قصی وسیم ابو رموز اور 14 سالہ احمد محمد محمود کو راس العامود کالونی سے حراست میں لیا گیا۔ دونوں بچوں کو اسکول سے واپسی پر گھر جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔