چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیل کو جزیرہ سیناء کے ذرے پربھی تصرف کا حق نہیں:مصر

بدھ 29-نومبر-2017

مصر کے وزیرخارجہ سامح شکری نے کہا ہے کہ ان کا ملک جزیرہ نما سیناء میں اسرائیل کو کسی قسم کے عمل دخل کی ذرہ بھی اجازت نہیں دے گا۔

مصر کےایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں سامح شکری نے کہا کہ  فلسطینیوں کو جزیرہ نما سیناء میں بسانے کی کسی اسرائیلی تجویز کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہیں پوچھا گیا کہ اسرائیلی خاتون وزیر برائے سماجی مساوات گیلا گاملیئیل کا کہنا ہے کہ جزیرہ نما سینا فلسطینی ریاست کے لیے مناسب مقام ہے۔ اس پر مصری وزیر نے کہا کہ اسرائیل کو جزیرہ نما سیناء کے معاملے میں کسی افراط وتفریط کی اجازت نہیں دیں گے۔

خیال رہے کہ مصر کے مقامی اخبارات میں اسرائیلی خاتون وزیر کا ایک بیان شائع ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ جزیرہ نما سینا فلسطینی ریاست کے لیےزیادہ موزوں علاقہ ہے۔

اسرائیلی وزیرہ کے بیان کے رد عمل میں مصری وزیر نے کہا کہ جزیرہ نما سیناء کے شہریوں نے مصر کے دفاع کے لیے اپنا خون پیش کیا ہے۔ ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے اور اسرائیل کو اپنے مقاصد کی تکمیل کے لیے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مصر جزیرہ نما سیناء کے ایک ذرے سے بھی دست بردار نہیں ہوگا اور کسی کو اس پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں سامح شکری نے کہا کہ اسرائیلی وزیرہ کے بیان پر قاہرہ میں متعین اسرائیلی سفیر کو دفتر خارجہ طلب نہیں کیا گیا تاہم وہ خود دفتر خارجہ میں پیش ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا اسرائیلی وزیرہ کے بیان اور سفیر کی قاہرہ وزارت خارجہ میں آمد کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔

مختصر لنک:

کاپی