معروف ویب سائٹ "ایمازون” کا بانی اور مالک جیف بیزوس دنیا کا امیر ترین شخص بن گیا ہے۔ بیزوس کی مجموعی دولت 100 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس طرح اس وقت وہ دنیا کا واحد شخص ہے جس کی دولت ایک کھرب ڈالر ہے۔ بیزوس کے اس اعزاز کو پانے کا سہرا مغربی دنیا میں رعایت کے خصوصی سیزن کے دوران ایمازون کے حصص کی قیمت میں بے پناہ اضافے کے سر ہے۔ اس سیزن کو "بلیک فرائیڈے” کے نام سے جانا جاتا ہے۔
برطانوی اخبار "انڈیپینڈنٹ” کے مطابق سیزن کے دوران ایمازون کی فروخت کا حجم 2.4 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا۔ اس ضخیم فروخت کے سبب جمعے کے روز کمپنی کے حصص کی قیمت میں 2% کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں بیزوس کی دولت فوری طور پر 100 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔
اخبار کا کہنا ہے کہ رواں سال کے آغاز سے لے کر جمعرات کی شام تک بیزوس کی ذاتی دولت میں 32.6 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔
تاریخ میں 100 ارب ڈالر کی دولت کا سنگِ میل عبور کرنے والا پہلا شخص مائیکروسافٹ کمپنی کا بانی بِل گیٹس تھا۔ اس نے 1996 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا البتہ اس وقت گیٹس کی مجموعی دولت تقریبا 86.8 ارب ڈالر ہے۔
دنیا کے اکثر دولت مند ترین افراد کی روش پر چلتے ہوئے بیزوس نے بھی رواں برس جون میں اپنی ایک ٹوئیٹ میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی دولت کے ایک حصّے کو ضرورت مند لوگوں کی مدد پر خرچ کرنا چاہتا ہے مگر ابھی اس کے پاس اس حوالے سے عمل درامد کے لیے کوئی منصوبہ نہیں ہے۔