مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب اور سپریم اسلامی کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے فلسطینی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعرات 12 ربیع الاول کو خاتم الانبیاء سیدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم میلاد کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں حاضری دیں اور عبادت اور نوافل کا اہتمام کریں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الشیخ عکرمہ صبری نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ میلاد النبی شریف اہالیان فلسطین کے لیے مسجد اقصیٰ سے اپنا تعلق مضبوط بنانے کا موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فلسطینی حسب توفیق قبلہ اول میں حاضری دے کرعبادت کا اہتمام کریں، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے منعقدہ حلقہ ہائے دروس میں شرکت کریں۔
الشیخ عکرمہ صبری کا کہنا تھا کہ اسلام دشمن قوتیں جہاں ایک طرف اسلام کی توہین کی مرتکب ہو رہی ہیں وہیں نبی آخرالزمان علیہ السلام کی شان میں گستاخی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے اور نفرت کو ہوا دینے کی مذموم سازشیں جاری ہیں۔
قبلہ اول کے خطیب نے مسجد اقصیٰ کے خلاف جاری صہیونی سازشوں، فلسطین کی تمام مقدسات کو لاحق خطرات پر خبردار کرتے ہوئے عالم اسلام پر قبلہ اول کے دفاع کے لیے موثر پالیسی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام اسلام رواداری اور امن کا دین ہے، جو دہشت گردی کی تمام اقسام کی نفی کرتا ہے۔