مسجد اقصیٰ کے خطیب نے کل جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب میں عالم اسلام پر زور دیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کریں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی عالم دین الشیخ محمد سلیم نے کہا کہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ تاریخ کے خطرناک دور سے گذر رہے ہیں۔ ان کے دفاع کے لیے عالم اسلام اور عرب دنیا کی طرف سے انہیں اولین ترجیح میں شامل کرناہوگا۔
انہوں نے عالم اسلام میں پائے جانے والے اختلافات پر افسو کا اظہار کرتے ہوئے مسلمانوں پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے استفسار کیا کہ دشمنوں کو کس نے مسلمانوں کے کشت وخون کا حق دیا ہے۔ عالم اسلام کے امور میں کفار کی مداخلت پر مسلم امہ کیوں خاموش ہے۔ ہماری مساجد کو کیوں جلایا جا رہا ہے۔ مسلمان ملکوں پر غیر کیوں قابض ہیں۔ فلسطین پر صہیونی ریاست کا ناجائز قبضہ کب تک رہے گا۔ کیا صہیونی ریاست ہمارے بچوں، بوڑھوں، جوانوں، مردوں اور عورتوں کو اسی طرح شہید کرتے رہیں گے اور ہمارے مقدس مقامات کی اسی طرح بے حرمتی کریں گے۔ یہ وہی لوگ نہیں گمراہی پرمبنی اپنے فلسفے اور باطل عقاید کو مسلمانوں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔