جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیل نے غزہ کو بھیجا گیا تجارتی سامان لوٹ لیا

جمعہ 24-نومبر-2017

قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے راستے سے غزہ کی پٹی کو بھیجا گیا درجنوں ٹن  تجارتی سامان  لوٹ لیا۔ صہیونی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تجارتی سامان میں ایسی اشیاء بھی شامل تھیں جو فلسطینی مزاحمت کاروں کے لیے بھیجی جا رہی تھیں۔

مقامی فلسطینی ذرائع کاکہناہے کہ غرب اردن سےتجارتی سامان سے لدے ٹرک جب غزہ کی سرحد تجارتی راہ داری’کرم ابو سالم‘ پر پہنچے تو اسرائیلی فوج نے انہیں روک لیا۔ ان کی تلاشی لینے کے بعد سامان لوٹ لیا گیا۔

اسرائیل کے عبرانی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی کو بھیجے گئے تجارتی سامان میں کیمیائی سامان بھی شامل تھا۔ اس لیے کرم ابو سالم گذرگاہ پر سامان کی چھان بین کے بعد اسے قبضے میں لیا گیا ہے۔

عبرانی ٹی وی کے مطابق غزہ کی پٹی کی سرحدی گذرگاہ سے قبضے میں لیے گئے سامان میں گیس، سائل مواد، پاؤڈر، دھاتیں، لوہے کا سامان اور دیگر اشیاء جن کی غزہ کو ترسیل ممنوع ہے شامل تھیں۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی کو 500 اقسام کی تجارتی اشیاء، صنعتی سامان اور خام مال کی فراہمی پرپابندی عاید کر رکھی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی