معروف کمپنی Uber کی جانب سے جاری بیان میں اعتراف کیا گیا ہے کہ ہیکرز 2016 کے دوران کمپنی کا ڈیٹا بیس ہیک کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ بیان کے مطابق اس کارروائی میں 5.7 کروڑ اوبر صارفین اور کمپنی کے ساتھ کام کرنے والے ڈرائیوروں کے بارے میں معلومات چوری کر لی گئی۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہیکنگ کی کارروائی تھڑڈ پارٹی کےCloud سروس اکاؤنٹ کو استعمال میں لاتے ہوئے 2 ہیکروں کے ذریعے عمل میں لائی گئی۔ اس دوران امریکا میں 6 لاکھ ڈرائیوروں کے ناموں اور ڈرائیونگ لائسنس کے سیریل نمبروں کے علاوہ اوبر سروس استعمال کرنے والے صارفین کے نام ، ای میل پتے اور ان کے موبائل نمبروں کو چوری کیا گیا۔
کمپنی کے بیان کے مطابق ایسا نظر نہیں آتا کہ کارروائی میں کریڈٹ کارڈ ، بینک اکاؤنٹ یا سوشل سکیورٹی کے نمبروں یا تاریخ پیدائش تک رسائی حاصل کی گئی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ متاثرہ ڈرائیوروں کو ان کے نجی کریڈٹ اکاؤنٹس میں مفت بیلنس فراہم کیا جائے گا اور اس کے علاوہ شناخت کی چوری کے خطرے سے بچاؤ کے لیے تحفظ بھی فراہم کیا جائے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بعض ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کمپنی نے ہیکروں کو ایک لاکھ ڈالر کے قریب تاوان ادا کیا تا کہ وہ ڈیٹا حذف کر دیں اور ہیکنگ کی کارروائی کا اعلانیہ اظہار نہ کریں۔ واضح رہے کہ کمپنی کی جانب سے واقعے کی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔