لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد حریری تین ہفتے کےبعد کل منگل کو مصر اور قبرص کے مختصر دورے کے بعد واپس بیروت پہنچ گئے ہیں۔
غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعد حریری رات گئے بیروت کے بین الاقوامی رفیق حریری ہوائی اڈے پر اترے۔ بیروت واپسی سے قبل انہوں نے قبرص اور مصرمیں بھی مختصر قیام کیا۔
کل منگل کومصر کے مختصر دورے کے دوران سعد حریری نے صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں لبنان کے موجودہ بحران اور خطے میں تیزی کے ساتھ تبدیل ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی نے بتایا کہ صدر السیسی اور سعد حریری کے درمیان ملاقات میں لبنان کی داخلی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہ نماؤں نے لبنانی اور مصری برادر اقوام کے درمیان تاریخی تعلقات کے تناظر میں بات چیت کی۔ اس موقع پر صدر السیسی نے لبنان کے استحکام، ترقی، خوش حالی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔
صدر السیسی نے لبنان کے اندرونی امور میں غیرملکی مداخلت مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی قیادت کو اپنی مرضی کے فیصلے کرنے کا حق ہے۔
خیال رہے کہ سعد حریری نے تین ہفتے پیشتر سعودی عرب کے دورے کے دوران وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے استعفیٰ دینے کے بعد کئی قسم کی افواہیں گردش کرنے لگیں اور یہ کہا جانے لگا کہ سعودی عرب نے سعد حریری کو قید کررکھا ہے۔ تاہم اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے ایران اور حزب اللہ کی لبنان میں ایرانی مداخلت کی مذمت کی اور جلد ہی سعودی عرب سے وطن واپسی کی یقین دہانی کرائی تھی۔