عالمی سطح پر دوڑ کے مقابلوں میں حصہ لینے والے فلسطینی نوجوان ’رنر‘ کو امریکی شہر شیکاگو میں ایک میراتھن میں شرکت کے لیے ویزہ نہ ملنے کے بعد ترکی نے اس کا الزالہ کرتے ہوئے محمد القاضی کو استنبول میں ہونے والی بین البراعظمی میراتھن میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق محمد القاضی نے گذشتہ ماہ [اکتوبر] میں امریکا کے ویزے کے حصول کے درخواست دی تھی۔ وہ شیکاگو میں ہونے والے ایک میراتھن مقابلے میں شرکت کرنا چاہتے تھے مگر امریکا کی صہیونیت نوازی آڑے اور امریکیوں نے فلسطینی نوجوان کو ویزہ دینے سے انکار کر دیا۔
جب اس امر کا پتا ترک صدر طیب ایردوآن کو ہوا تو انہوں نے خصوصی طور پر محمد القاضی کو ترکی مدعو کیا اور انہیں استنبول میں ہونے والی عالمی شہرت یافتہ ’یور ایشیا میراتھن دور‘ میں شرکت کی دعوت دی۔
محمد القاضی اب آئندہ ایام میں استنبول میں ہونے والی بین البراعظمی میراتھن دوڑ میں فلسطینی اور ترک پرچموں کے ساتھ شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والی بین البراعظمی میراتھن سنہ 1979ء سے سالانہ بنیادوں پر تواترکے ساتھ منعقد ہوتی ہے جس میں براعظم یورپ اور براعظم ایشیا سمیت دنیا بھر کے رنرزکو مدعو کیا جاتا ہے۔
محمد القاضی نے ترکی میں صدر طیب ایردوآن، وزیراعظم بن علی یلدرم، کھیلوں کے وزیر عثمان اشکین بک اور استنبول بلدیہ کے میئر مولود اویصال سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ترک صدر نے انہیں اپنے ہاتھ سے فلسطینی پرچم بھی دیا۔