اسرائیلی اخبارات میں شائع ہونے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے غرب اردن میں قائم یہودی کالونیوں کو ملانے والی دو شاہراہ کی توسیع کے لیے 200 ملین شیکل کی خطیر رقم کی منظوری دی ہے۔
عبرانی اخبار ’یسرائیل ھیوم‘ کی رپورٹ کے مطابق منظور کردہ رقم سے نہ صرف دو اہم شاہراہ کی تعمیرنو کی جائے گی بلکہ سڑکوں پر سیکیورٹی کے انتظامات بھی کیے جائیں گے۔
عبرانی اخبار کے مطابق حکمران جماعت لیکوڈ کے ارکان کنیسٹ کے ایک حالیہ اجلاس کے دوران غرب اردن میں قائم کردہ کالونیوں کے لیے رقم کی منظوری میں تاخیر پر سخت شور شرابہ کیا گیا۔ اجلاس مین وزیراعظم نے حوارہ بائی پاس روڈ اور شاہراہ 446 کی توسیع کے لیے مزید دوسو ملین شیکل کی رقم منظور کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ سنہ 2019ء کے مالی سال کے بجٹ کے لیے 60 کروڑ شیکل کی رقم مختص کی جائے گی۔ اس رقم سے سڑکوں کی کشادگی، موبائل فون سروسز اور روشنی کا انتظام کیا جائے گا۔
ادھر اسرائیلی کالونیوں کے آباد کاروں کی طرف سے سڑکوں پر حفاظتی تدابیر نہ ہونے پر احتجاج بھی جاری رکھا ہوا ہے۔
احتجاج کرنےوالی ایک یہودی خاتون نے کہا کہ اس کا بیٹا فلسطینیوں کی سنگ باری میں زخمی ہوا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وعدے اور بیانات بہت ہوگئے اب ہمیں عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ احتجاجی مظاہرین نے سڑکوں پر رات کے وقت روشنی کا انتظام کرنے اور دیگر حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر حکومت انہیں تحفظ فراہم نہیں کرتی تو اس کے نتیجے میں فلسطینیوں کی طرف سے مزید حملوں کا سامنا رہے گا۔