جمعه 15/نوامبر/2024

الشیخ راید صلاح کی نصرت کے لیے عالمی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

اتوار 5-نومبر-2017

عالمی علماء کونسل نے بزرگ اسیر فلسطینی رہ نما اور اسلامی تحریک کے امیر الشیخ راید صلاح صلاح کی حمایت میں عالمی نصرت راید صلاح مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم کا مقصد الشیخ راید صلاح کے ساتھ مکمل ہمدردی، اظہار یکجہتی، ان کی قبلہ اول کے لیے قربانیوں اور خدمات کو اجاگر کرنا  اور ان کی ظالمانہ گرفتاری کے بعد حراستی مراکز میں دی جانے والی اذیتوں سے پردہ چاک کرنا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی زندانوں میں دفاع قبلہ اول کی پاداش میں پابند سلاسل اسلامی تحریک کے سربراہ الشیخ راید صلاح کے ساتھ اظہار یکجہتی کی مہم شروع کرنے سے قبل کل سوموار کو ترکی کے شہر استنبول میں عالمی علماء کونسل کے ارکان ایک مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔

اس کےبعد ترکی اور دوسرے مسلمان ملکوں میں الشیخ راید صلاح کی خدمات کو اجاگر کرنے اورانہیں دی جانے والی سزاؤں پر احتجاجی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔

اس کےعلاوہ ’ہیش ٹیگ کلنا الشیخ الاقصیٰ‘ کے عنوان سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر ایک مہم چلائی جائے گی جو 12 نومبر تک جاری رہے گی۔

اس مہم کا مقصد صہیونی ریاست پر الشیخ راید صلاح کے حوالے سے عالمی سطح پر دباؤ ڈالنا اور ان کی رہائی کی راہ ہموار کرنا ہے۔

خیال رہے کہ اسلامی تحریک کے امیر الشیخ راید صلاح کو اسرائیلی فوج نے 15 اگست 2017ء کو حراست میں لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں بدترین حالات میں پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔ انہوں نے متعدد بار صہیونی انتظامیہ کے غیر انسانی سلوک پر احتجاج کیا۔ دوران حراست انہیں وحشیانہ تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔

 

مختصر لنک:

کاپی