اسرائیلی فوج نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ایک مقامی رہ نما کو مسلسل 20 ماہ تک انتظامی حراست کے تحت پابند سلاسل رکھنے کے بعد گذشتہ روز رہا کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق حماس رہ نما 54 سالہ محمود حمدی شبانہ کو جمعہ کے روز عوفر فوجی جیل سے رہا کیا گیا۔ رہائی کے بعد وہ آبائی شہر الخلیل میں اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔
الخلیل میں فلسطینی شہریوں، حماس کے رہ نماؤں، کارکنوں اور فلسطینی مجلس قانون ساز میں حماس کے پارلیمانی بلاک ’اصلاح وتبدیلی‘ کے ارکان کی بڑی تعداد نے حمدی شبانہ کا استقبال کیا۔
خیال رہے کہ حمدی شبانہ الخلیل شہر سے تعلق رکھنے والے حماس کے سرکردہ رہ نما ہیں۔ انہوں نے 15 سال اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹی۔ سنہ 2015ء میں انہیں گرفتار کرکے انتظامی حراست میں ڈال دیا گیا تھا۔