انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیلی فوج کی طرف سے غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب سرنگ میں لاپتا ہونے والے فلسطینی مزاحمت کاروں کی تلاش پر عاید کردہ پابندی اسرائیل کی اعلیٰ عدالت میں چیلنج کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق انسانی حقوق کی دو تنظیموں ’مرکزالعدالہ‘ اور المیزان برائے انسانی حقوق نے مشترکہ طور پر اسرائیلی سپریم کورٹ میں ایک درخواست دی ہے جس میں غزہ کی پٹی میں سرنگ میں لاپتا ہونے والے فلسطینیوں کی تلاش کی اجازت نہ دینے کو خلاف قانون قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ وہ فوج کی طرف سے فلسطینی مزاحمت کاروں کی تلاش پر عاید پابندی ختم کرانے اور مجاھدین کی تلاش کی اجازت دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ سوموار کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے سرحدی علاقے دیر البلح میں ایک سرنگ پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہید اور 13 زخمی ہوگئے تھے جب کہ 5فلسطینی تا حال لاپتا ہیں۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی امدادی ٹیموں کو سرنگ میں پھنسے کارکنوں کی تلاش کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں غزہ اور 1948ء کے مقبوضہ علاقے کے درمیان لگائی گئی باڑ سے 300 میٹر دور تک سرنگ میں لاپتا شہریوں کو تلاش کیا ہے مگر اسرائیلی فوج نے وہاں سے آگے بڑھنے سے روک دیا تھا۔