اسرائیل اور بھارت سمیت کئی دوسرے ممالک کی سب سےبڑی فضائی مشقوں کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ آج سے ان مشقوں کا آغاز ہو رہا ہے جس کے لیے بھارت، امریکا، یونان، اٹلی، پولینڈ، فرانس اور جرمنی سمیت کئی دوسرے ممالک کے جنگی جہاز اور فضائیہ کا عملہ حصہ لے گا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ’بلیو فلیگ‘ کے عنوان سے جنوبی اسرائیل میں ہونے والی ان مشقوں میں 40 ممالک کے مندوبین بھی شرکت کریں گے۔ یہ اسرائیل کی اپنی نوعیت کی سب سے بڑی فضائی مشقیں ہیں جن میں کم سے کم 100 جنگی طیارے اپنی حربی صلاحیت کا مظاہرہ کریں گے۔
عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کے مطابق ’سپر ہرکولیس‘ نامی ایک جہاز بھارت سے مشقوں میں حصہ لینے والے 45 رکنی عملے کو لے کر گذشتہ روز تل ابیب پہنچا ہے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق فضائی مشقوں میں بھارت اور اسرائیل کی شرکت سے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی میدان میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔