فلسطینی شہری دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ سوموار کو غزہ میں دیر البلح کے مقام پر ایک سرنگ پر اسرائیلی بمباری کے دوران لاپتا ہونے والے پانچ مزاحمت کاروں کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ اور سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقے کے درمیان کھودی گئی سرنگ میں اسرائیلی فوج نے اپنے زیرتسلط علاقے تک امدادی ٹیموں کو رسائی دینے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد تلاش کا عمل معطل ہوگیا۔
فلسطینی شہری دفاع اور حکومت نے انسانی حقوق کی تنظیم ریڈ کراس سے اپیل کی تھی کہ وہ صہیونی حکام سے اس حوالے سے بات چیت کرے۔ تاہم صہیونی حکام نے سرحدی حفاظتی باڑ کے قریب فلسطینی مزاحمت کاروں کی سرنگ میں تلاشی کی اجازت نہیں دی۔
ریڈ کراس کے حکام کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج کی طرف سے ابھی تک کوئی واضح جواب نہیں دیا گیا۔ اس لیے امدادی ٹیموں کو سرحدی علاقے میں لانا خطرناک ہوگا۔
قبل ازیں فلسطینی شہری دفاع کے ترجمان محمد المیدنہ نے کہا تھا کہ سرنگ میں لاپتا ہونے والے پانچ مجاھدین کی تلاش کا عمل روک دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ سوموار کو دیر البلح کے مقام پر اسرائیلی طیاروں نے ایک سرنگ پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں سرنگ میں موجود سات مجاھدین شہید اور تیرہ زخمی ہوگئے تھے جب کہ پانچ مجاھدین کے بارے میں کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔ اسرائیلی بمباری سے سرنگ کا ایک حصہ تباہ ہوچکا ہے۔