برطانیہ کی اپوزیشن جماعت نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اعلان بالفور کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر جشن منانے کے بجائے آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرے۔
دوسری جانب برطانیہ میں آج اعلان بالفور کی سرکاری سطح پر صد سالہ تقریبات منائی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر برطانوی حکومت نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کو خصوصی طورپر مدعو کیا ہے۔ توقع ہے کہ آج شام کو نیتن یاھو لندن میں اعلان بالفور کی ایک تقریب کے موقع پر اپنی برطانوی ہم منصب تھریسا مے سے بھی ملاقات کریں گے۔
برطانیہ کی اپوزیشن لیبر پارٹی کی طرف سے اس تقریب میں ایمیلی تھونبیری اپنی پارٹی کی نمائندگی کریں گی۔ حکومت نے اپوزیشن لیڈر اور لیبر پارٹی کے سربراہ جیرمی کوربین کو اعلان بالفور کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کی دعوت دی تھی تاہم انہوں نے اس میں شرکت سے معذرت کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اناطولیہ کے مطابق ایمیلی تھورنبیری کا کہنا ہے کہ اس کے ملک اور عالمی برادری کا مشن ایک ہے۔ ہمیں مستقبل کی طرف دیکھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔ ہمیں اسرائیل کے ساتھ ایک آزاد اور مکمل خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرے۔