لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ نے حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ سماعیل ھنیہ کو ٹیلیفون کرکے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے اسماعیل ھنیہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتےہوئے غزہ کی پٹی میں ایک سرنگ پرحملے کو دشمن کی بزدلانہ سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی دشمن کی ننگی جارحیت پر حزب اللہ حماس اور اسلامی جہاد کے ساتھ ہے۔
اس موقع پر دونوں رہ نماؤں کے درمیان فلسطین کی موجودہ صورت حال، صہیونی ریاست کی جارحیت، فلسطینی مجاھدین کی مزاحمتی تیاریوں اور دشمن کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسماعیل ھنیہ نے حسن نصراللہ کو یقین دلایا کہ فلسطینی مجاھدین دشمن کی تازہ جارحیت کا مناسب وقت میں جواب دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم صبر کا مظاہرہ کررہی ہے مگر ہمارے صبر امتحان نہ لیا جائے۔
خیال رہے کہ گذشتہ سوموار کو اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی کے علاقے خان یونس میں ایک سرنگ پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں کم سے کم سات فلسطینی شہید اور تیرہ زخمی ہوگئے تھے۔