چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ پرحملہ اور سات فلسطینیوں کی شہادت دہشت گردی ہے:حزب اللہ

بدھ 1-نومبر-2017

لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دو روز قبل فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین دہشت گردی قرار دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیروت میں حزب اللہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محصور علاقے غزہ کی پٹی میں ایک سرنگ پر حملہ پوری فلسطینی قوم پر حملے کے مترادف ہے۔ صہیونی فوج بدترین جرائم اور دہشت گردی کی مرتکب ہو رہی ہے۔ حزب اللہ اسرائیلی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی قوم بالخصوص اسلامی جہاد اور اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے عوام اور پوری فلسطینی قوم کے خلاف جاری صہیونی ریاست کے جرائم کے پیچھے امریکا کا ہاتھ اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کار فرما ہے۔  غزہ کی پٹی میں سات نہتے فلسطینیوں کی شہادت اور ایک درجن کو زخمی کیے جانے کے واقعے پر عالمی برادری کی خاموشی دہشت گردی کی حمایت کے مترادف ہے۔ غزہ پر بمباری پر خاموش رہنے والے بھی دہشت گردی کے معاونت کار ہیں۔

خیال رہے کہ سوموار کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے خان یونس میں دیر البلح کے مقام پر بمباری کرکے سات فلسطینیوں کو شہید اور 13 کو زخمی کردیا تھا۔ صہیونی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے غزہ کی پٹی میں ایک سرنگ پر بمباری کی تھی جس میں حماس اور اسلامی جہاد کے کارکنان کام کررہے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی