برطانیہ میں قائم فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی کے لیے سرگرم ادارے ’مرکز برائے واپسی‘ نے تقسیم فلسطین کے حوالے سے برطانیہ کے بدنام زمانہ ’معایدہ بالفور‘ کے ایک سوسال مکمل ہونے پرایک نئی فلم ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’مرکز حق واپسی‘ کی طرف سے اعلان بالفور کے سو سال مکمل ہونے پر اس معاہدے کے منفی اثرات پر مبنی فلم کے لیے ’بالفور روڈ پر سفر کے 100‘ سال کا عنوان دیا گیا ہے۔
فلم میں معاہدہ بالفور کے بعد فلسطینی قوم کی زندگی پرمرتب ہونے والے تباہ کن اثرات کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ فلم نہ صرف عربی میں ہے بلکہ دنیا کی کئی دوسری اہم زبانوں میں ڈب کی گئی ہے۔ ’اماجن پروڈکشن‘ کمپنی کے تعاون سے تیارکردہ فلم عربی کے علاوہ 17 دوسری عالمی زبانوں انگریزی، اسپانوی، ڈینش، ڈچ، سویڈش، پولش، اطالوی، ترکی، ہندی، اردو، فارسی، چینی، روسی اور انڈونیشی زبان میں تیار کی گئی ہے۔
مرکز برائے حق واپسی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلم کی تیاری مرکز کی اعلان بالفور کے حوالے سے جاری آگاہی مہم کا حصہ ہے۔ یہ فلم یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا چینلز پر بھی دستیاب ہے۔