جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مزید فلسطینیوں کے مزید دو گھر مسمار

منگل 24-اکتوبر-2017

قابض صہیونی فوج اور مقامی انتظامیہ نے فلسطین کے جزیرہ نما النقب کے  جنوب میں فلسطینی شہریوں کےدو مکانات غیرقانونی قرار دے کر مسمار کردیے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فورسز نے جزیرہ نما النقب کے علاقے وادی النعم میں فلسطینی شہریوں کےدو گھر غیرقانونی قرار دے کر انہیں مسمار کرڈالا۔

خیال رہے کہ اس کالونی میں رہائش پذیر فلسطینی عرب شہریوں کی تعداد 15 ہزار سے زاید ہے۔ صہیونی ریاست اس بستی کو غیرقانونی قرار دیتی ہے۔

اسرائیلی فوج نے جزیرہ النقب میں نہ صرف دو گھر مسمار کرڈالے بلکہ الزرنوق قصبے میں فلسطینیوں کی زمین کے گرد لگائی گئی حفاظتی باڑ بھی مسمار کردی۔

وادی النعم کی مقامی کمیٹی کے چیئرمین یوسف الزیادین نے بتایا کہ مقامی فلسطینی شہریوں کی گھروں کی مسماری، آبادی کو زدو کوب کرنا، ڈرانا دھمکانا اور انہیں علاقہ بدر کرنے کی سازشیں روز کا معمول بن چکی ہیں۔

گذشتہ روز بھی قابض فوج نے دو فلسطینی خاندانوں کے گھر بلڈوزروں کی مدد سے مسمار کردیے اور یہ دعویٰ کیا کہ دونوں مکانات صہیونی حکام کی اجازت کے بغیر تعمیر کیے گئے تھے۔

الزیادین کا کہنا ہے کہ مکانات کی مسماری کے مناظر ننھے منھے فلسطینی بچوں نے بھی اپنی آنکھوں سے دیکھے۔ بچوں کی نفسیات پر بھی اس طرح کی کارروائیوں کے غیرمعمولی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ان کا کہناہے کہ فلسطینی شہریوں کے مکانات اور املاک کی مسماری صہیونی ریاست کی بد ترین نسل پرستی اور فلسطینی آبادی پر نفسیاتی تشدد ہے۔

مختصر لنک:

کاپی