ایران نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی قابض اسرائیل کے خلاف مسلح مزاحمت کے اصول پرقائم رہنے کی پالیسی کی تحسین کرتے ہوئے حماس کے ساتھ ہرممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایرانی گارڈین کونسل کے اسٹریٹجک اسٹڈی سینٹر کے چیئرمین علی ولایتی نے حماس کے دورہ ایران پرآئے وفد سے تہران میں ملاقات کی۔
اس موقع پر حماس کی قیادت نے ایرانی رہ نما کو یقین دلایا کہ حماس اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کے اپنے فیصلے اور دیرینہ پالیسی پر کار بند ہے۔ ایرانی عہدیدار نے حماس کی مزاحمت پر قائم رہنے کی پالیسی کی تحسین کی۔
قبل ازیں حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری کی قیادت میں ایران کےدورے پر آئے وفد نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شوریٰ کے چیئرمین علی لاری جانی سے بھی ملاقات کی۔ ایرانی رہ نماؤں اور حماس قیادت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، فلسطینیوں میں مصالحت کے فیصلے اور دیگر اہم امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی قیادت نے حماس رہ نماؤں کو یقین دلایا کہ تہران فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھےگا۔
علی لاری جانی نے کہا کہ ایران حماس کی اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی پالیسی پر کار بند رہنے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
خیال رہے کہ حماس کا اعلیٰ اختیاراتی وفد جماعت کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری کی قیادت میں دو روز قبل ایران پہنچا تھا۔
وفد کی قیادت جماعت کے سیاسی شعبے کے نائب صدر العاروری کررہے ہیں جب کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق، محمد نصر،اسامہ حمدان، زاھر جبارین، سامی ابو زھری اور خالد القدومی بھی شامل ہیں۔