امریکا کے ایک عمر رسیدہ شخص کا کہنا ہے کہ وہ 24 ملین ڈالر لاٹری کی رقم کی رسید ایک پرانی شرٹ کی جیب میں بھول گیا۔ ایک سال کے بعد اچانک اسے پرانی شرٹ کی جیب سے اس گراں قیمت لاٹری کی رسید ملی اس کی حیرت کی اس وقت انتہا نہ رہی جب رقوم کی وصولی کی آخری تاریخ کو صرف دو روز باقی رہ گئے تھے۔ اگر دو روز مزید اسے لاٹری کارڈ نہ ملتا تو وہ اس خطیر رقم سے محروم رہتا۔
نیویارک کے رہنے والے 86 سالہ جیمی سمیتھ کا کہنا ہے کہ اس نے نیویارک میں ہونے والی ایک انعامی اسکیم میں حصہ لیا۔ لاٹری میں دی گئی رقم وصول کرنے کے لیے ایک سال کا وقت تھا تاہم وہ رسید ایک پرانی شرٹ کی جیب میں ڈال کر بھول گیا۔
اس کاکہنا ہے کہ وہ گذشتہ 50 سال سے نیویارک اور نیو جرسی میں ہونے والی لاٹریوں میں حصہ لیتا رہا ہے مگر اس نے کبھی یہ معلوم کرنے کی زحمت نہیں کی کہ آیا انعامات میں اس کا نمبر بھی شامل ہوا ہے یا نہیں۔
اس نے ایک سال قبل نیویارک میں ایک انعامی اسکیم میں حصہ لیا اور اس کی رسید پرانی شرٹ کی جیب میں ڈال کر بھول گیا۔ حال ہی میں اسے اچانک شرٹ سے وہ رسید مل گئی۔ رسید پر رقوم کی وصولی کی آخری تاریخ کو صرف دو دن باقی تھے۔
جیمی سمیتھ کا کہنا ہے کہ وہ ساری انعامی رقم یک مشت وصول کرنے کے بجائے 26 سال میں قسط وار وصول کرے گا۔