امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو برما [میانمار] میں نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر گہری تشویش ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روہنگیا نسل کے مسلمانوں کی نسل کشی اور قتل عام میں برما کی فوج قصور وار ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نیویارک میں ایک تھینک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برما میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ فوج اور پولیس کے ہاتھوں برتا جانے والا سلوک باعث تشویش ہے۔ برما کی فوج جو کچھ وہاں کے مسلمانوں کے ساتھ کر رہی ہے وہ غیر فطری ہے۔
ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ میں نے میانمار کی وزیراعظم اونگ سانگ سوچی سے ٹیلیفون پر سول حکومت کی سربراہ کے طور پر رابطہ کیا۔ ہم میانمار میں مسلمانوں پر مظالم میں برما کی فوج کو قصور وار اور ذمہ دار قرار دیں گے۔
امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا برما کے حکام کو امدادی اداروں بالخصوص ہلال احمر، ریڈ کراس، اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسیوں اور دیگر اداروں کو متاثرہ علاقوں تک رسائی دلوانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔