یکشنبه 17/نوامبر/2024

’عالمی پارلیمان میں مرزوق الغانم کا فلسطینی جذبات کی ترجمانی کا شکریہ

جمعہ 20-اکتوبر-2017

کویت کی ’مجلس الامۃ‘ [پارلیمنٹ] کے اسپیکر مرزوق الغانم کے روس میں عالمی پارلیمان کے اجلاس کے دوران صہیونی وفد کو کھری کھری سنانے پر فلسطین کے سیاسی حلقوں میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فلسطینی سیاسی جماعتوں، سماجی، عوامی اور ابلاغی حلقوں نے بھی کویتی اسپیکر کے اقدام کی غیرمعمولی ستائش کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تحریک فتح کے مرکزی رہ نما اور جماعت کے نائب صدر محمود العالول نے ایک بیان میں کویتی اسپیکر کے اقدام کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ برادر ملک کویت کی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق الغانم نے روس میں عالمی پارلیمان کے اجلاس میں فلسطینی قوم کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل کویتی پارلیمان کے اسپیکر مرزوق الغانم نے روس کے شہر سینٹ پیٹس برگ میں عالمی پارلیمنٹ کے 137 ویں اجلاس کے موقع پر اجلاس میں شریک صہیونی وفد کو کھری کھری سنائی اور ان سے اجلاس دفع ہونے کا مطالبہ کیا۔ کویتی اسپیکر کے ریمارکس کے بعد صہیونی مندوب اور اس کے ساتھ منہ لٹکائے وہاں سے نکل گئے تھے۔

تحریک فتح کے رہ نما محمود العالول نے عالمی فورم پر فلسطینی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرنے والے کویتی سیاست دان مرزوق الغانم کو ٹیلیفون کیا اور ان کا عالمی پارلیمنٹ میں صہیونی وفد کو آئینہ دکھانے پر اپنی جماعت اور پوری فلسطینی قوم کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے صدر اسماعیل ھنیہ نے بھی مرزوق الغانم کو فون کرکے ان کی عالمی پارلیمان میں فلسطینی قوم کی حمایت میں اختیار کردہ جرات مندانہ موقف پر انہیں خراج تحسین پیش کیا تھا۔

یاد رہے کہ کویتی اسپیکر مرزوق الغام نے روس میں منعقدہ عالمی پارلیمنٹ کےاجلاس کے دوران اسرائیلی وفد کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے اسے فلسطینی بچوں کا قاتل اور غاصب قراردیا اور انتہائی جذباتی تقریر کرتے ہوئے صہیونی وفد سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اجلاس سے دفع ہو جائیں۔

صہیونی وفد کو مخاطب کرنے کے الفاظ پر مشتمل ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی ہے جسے بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی