اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 نے وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین کے اس غیرمعمولی سیکیورٹی پلان کے بعض پہلوؤں سے پردہ اٹھایا ہے جس کے تحت فلسطین میں آباد کیے گئے یہودی آباد کاروں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
عبرانی ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر دفاع لائبرمین اپنے جس ’غیرمعمولی‘ حفاظتی کو منظوری کےلیے پیش کرنے کی تیاری کررہے ہیں اس پر قریبا 3.3 ارب شیکل یا ایک ارب امریکی ڈالر لاگت آئے گی۔
ٹی وی رپورٹ کے مطابق لائبرمین کے مذکورہ سیکیورٹی پلان میں غرب اردن میں قائم یہودی کالونیوں کی سڑکوں پر حفاظتی انتظامات، سیلولر رسیپٹرز کی تنصیب، بائی پاس سڑکوں کی تعمیر، نئے چوکوں اور چوراہوں کا قیام، ٹرانسپورٹ بسوں میں یہودیوں کے لیے حفاظتی بجٹ اور خصوصی سیکیورٹی بجٹ شامل ہے۔
لائبرمین نے یہ حفاظتی پلان یہودی کالونیوں کی لیڈرشپ کے صلاح مشورے کے بعد تیار کیا ہے۔ اسے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے لیے وزارت ٹرانسپورٹ، ہاؤسنگ اور کمیونیکیشن کی وزارتیں رقوم فراہم کریں گی۔
سڑکوں پر یہودی آباد کاروں کو فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے کیمروں کی تنصیب، الیکٹرانک چپس اور رات کے اوقات میں سڑکوں پر روشنی کے لیے بہترین انتظامات شامل ہیں۔
سڑکوں پر چلنے والی مسافر بسوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹی کی اضافی گاڑیوں کی فراہمی، نئی اور محفوظ بائی پاس سڑکوں کی تعمیر، ان سڑکوں پر سیلولر ریسپٹرز کی تنصیب بھی اس پلان کا حصہ ہے۔