اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران کو لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کوشام کے راستے اسلحہ کی فراہمی کی صورت میں اجازت نہیں دے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اپنے روسی ہم منسب سیرگی شویگو کے ہمراہ تل ابیب میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں لائبرمین نے کہا کہ ایران شام کے راستے لبنانی حزب اللہ کو جدید ترین ہتھیار پہنچا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل حوصلے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حزب اللہ اور ایران کی طرف سے لاحق خطرات کا مقابلہ جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایرانی اسلحہ حزب اللہ تک پہنچانے کی تمام کوششیں ناکام بنائے گا۔ ایران کو شام کے راستے حزب اللہ تک جدید ہتھیاروں کی فراہمی کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔
لائبرمین نے کہا کہ ایران اور لبنانی حزب اللہ شام میں اسرائیل کے قریب واقع محاذوں پر فرنٹ لائن پر آنے کی کوشش کررہے ہیں مگر انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز روسی وزیردفاع نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تزویراتی تعلقات اور شام کے بحران پر بات چیت کی گئی۔