اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے سے پارلیمنٹ کے منتخب رکن محمد الطل کو چار ہزار شیکل جرمانہ کی وصولی کے بعد رہا کردیا ہے ۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیل کی عوفر فوجی عدالت نے زیر حراست رکن پارلیمان محمد الطل کی دو ہفتوں کے بعد رہائی کا حکم دیا تھا تاہم یہودی مذہبی تہوار کی آڑ میں ان کی رہائی ملتوی کردی گئی تھی، گذشتہ روز انہیں رہا کیا گیا جس کے بعد وہ اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔
قبل ازیں صہیونی عدالت نے محمد الطل کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے ان سے چار ہزار شیکل جرمانہ وصول کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔ خیال رہے کہ محمد الطل کی دو ہفتے قبل کینسر کی انتہائی خطرناک سرجری کی گئی تھی۔ وہ 2 مارچ 2017ء سے اسرائیلی جیل میں انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت پابند سلاسل تھے۔