امریکا نے لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے دو انتہائی مطلوب عہدیداروں طلال حمیۃ اور فواد شکر کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 1کروڑ 20 لاکھ ڈالر انعام مقرر کیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق دونوں مذکورہ کمانڈر حزب اللہ کے انتہائی اہم ارکان ہیں اور انہیں کئی سال سے امریکا تلاش کررہاہے۔ خیال رہے کہ امریکا نے 20 سال قبل حزب اللہ کو’دہشت گرد‘ تنظیم قرار دیا تھا۔
امریکی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے حزب اللہ کے دور عہدیداروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے یا ان کی گرفتاری میں معاونت کرنے پر ایک کروڑ بیس لاکھ ڈالر انعام مقرر کیا ہے۔
امریکی عہدیداروں کے مطابق طلال حمیۃ کے سرکی قیمت 70 لاکھ ڈالر اور فواد شکر کی 50 لاکھ ڈالر مقرر کی ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے مطابق طلال حمیۃ حزب اللہ کے عالمی نیٹ ورک کو چلا رہا ہے، اس پر دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں براہ راست ملوث ہونے، امریکیوں کے اغواء اور قتل جیسے الزامات عاید ہیں۔
فواد شکر جنوبی لبنان میں حزب اللہ کا اہم کمانڈر ہے۔ اس کا شام میں حزب اللہ کی حالیہ عسکری کارروائیوں میں کلیدی کردار ہے۔ اس کے علاوہ سنہ 1983ء میں امریکی میرینز پرحملے میں ملوث عناصر میں بھی فواد شکر کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے۔ اس حملے میں دو سو امریکی میرینز ہلاک ہوگئے تھے۔
امریکی وزارت خارجہ کے شعبہ انسداد دہشت گردی کے رابطہ کار ناتھن سیلز نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ اب بھی ایک انتہائی خطرناک دہشت گرد گروپ ہے۔