چهارشنبه 30/آوریل/2025

مصالحت قومی پروگرام کی ’کرین‘ ناکام نہیں ہونے دیں گے:السنوار

پیر 9-اکتوبر-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے مرکزی رہ نما اور غزہ کی پٹی میں جماعت کے سیاسی شعبے کے صدر یحییٰ السنوار نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم کو مفاہمت اور مصالحت کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا ہے۔ ہمیں ہرصورت میں مفاہمت کے عمل کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مصالحت قومی پروگرام کے لیے’کرین‘ کا درجہ رکھتی ہے اور اس کے نتیجے میں قضیہ فلسطین کے تصفیے کی سازشوں کو ناکام بنانے میں مدد ملے گی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصر روانگی سے قبل غزہ کی پٹی میں جماعت کے ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یحییٰ السنوار نے کہا کہ قومی مفاہمت کےلیے تمام جماعتوں کو ایک جیسے خلوص کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

اجلاس میں حماس کے مرکزی رہ نما اور جماعت کے پارلیمانی لیڈر خلیل الحیہ اور صلاح الدین بردویل بھی موجود تھے۔ 

یحییٰ السنوار نے کہا کہ قومی مصالحت کی گاڑی اپنی منزل کی طرف چل پڑی ہے۔ اب اس کی واپسی اور پیچھے کی طرف پلٹنے  کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے تمام فلسطینی دھڑوں کو متنبہ کیا کہ وہ قومی مفاہمتی مساعی کے دوران قوم دشمن عناصر کی سازشوں سے آگاہ رہیں اور ان سازشوں کو ناکام بنائیں۔

خیال رہے کہ فلسطینی جماعتیں کل مصر کی نگرانی میں قومی مصالحت کے لیے قاہرہ میں مذاکرات کر رہی ہیں۔ اس موقع پر حماس رہ نما ڈاکٹر خلیل الحیہ نے کہا کہ ان کی جماعت قومی مصالحت کے عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس نے مفاہمت کے لیے ہمیشہ لچک کا مظاہرہ کیا۔ اب واپسی کی طرف پلٹنے کوئی جواز نہیں رہا ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی