فلسطینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں فلسطین میں اسرائیل کی جاری یہودی آباد کاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر سامنے آنے والے رد عمل پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں یہودی توسیع پسندی پر عالمی برادری کا رد عمل انتہائی شرمناک اور مایوس کن ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں یہودی آباد کاری کے ظالمانہ عمل کے جاری رہتے ہوئے امن بات چیت کی بحالی ممکن نہیں۔ فلسطین میں یہودی آباد کاری مشرق وسطٰیٰ میں دیر پا قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں یہودی آباد کاری پر عالمی برادری کا رد عمل مایوس کن اور شرمناک ہے۔ جس طرح کے عالمی رد عمل کی ضرورت ہے اس کا اظہار نہیں کیا جا رہا ہے۔ عالمی برادری کی طرف سے یہودی توسیع پسندی پر مجرمانہ خاموشی صہیونی ریاست کی توسیع پسندی کے لیے حوصلہ افزائی کا موجب بن رہی ہے۔
فلسطینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ صہیونی وزیراعظم اور تمام حکومتی وزراء فلسطین میں یہودی آباد کاری پر فخر کا اظہار کررہے ہیں۔ پوری دنیا کی آنکھوں کے سامنے فلسطین میں غیرقانونی آباد کاری کا تسلسل افسوناک ہے۔