فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت تحریک ’فتح‘ کی مرکزی کمیٹی نے جمعرات کے روز ہونےوالے خصوصی اجلاس میں آئندہ ہفتے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تحریک فتح کی سینٹرل کمیٹی کا اجلاس صدر محمود عباس کی زیرصدارت جمعرات کو رام اللہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فتح فلسطینیوں کے درمیان مصر کی زیرنگرانی ہونے والی مفاہمتی اور مصالحتی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔ جماعت مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے اور حماس کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لیے آئندہ منگل کو قاہرہ میں بات چیت کے لیے تیار ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں میں مصالحت اور قومی یکجہتی پوری قوم کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ تحریک فتح حماس سمیت تمام فلسطینی دھڑوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔
خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ کے مطابق فتح کے اجلاس میں قومی مفاہمت اور غزہ کی پٹی کے انتظامی امور قومی حکومت کے سربراہ رامی الحمد اللہ کو سپرد کیے جانے کے حوالے سے ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تحریک فتح مصر کی نگرانی میں فلسطینیوں میں مصالحت کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں میں ہونےوالی پیش رفت کو باریکی سے مانیٹر کررہی ہے۔ فلسطینی قوم تمام فلسطینی دھڑوں کو ایک فورم پر متحد دیکھنا چاہتی ہے۔ فتح مصر کی ثالثی کے تحت حماس کے موثر اور دیر پا مفاہمت کے لیے تیار ہے۔