شنبه 03/می/2025

غزہ کے پاور پلانٹ کو گیس سے چلانے کی کوشش کررہے ہیں‘

جمعرات 5-اکتوبر-2017

فلسطینی قومی حکومت کے سربراہ رامی الحمد اللہ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے پاور پلانٹ کو غزہ کے ساحل سے دریافت ہونے والی ’میرین گیس‘ کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ اسرائیل انہیں اس مقصد میں رکاوٹ نہیں ڈالے گا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وزیراعظم الحمد اللہ نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے عوام کو درپیش معاشی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک قومی ترقیاتی بنک کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو نواجونوں کو چھوٹے کاروبار کے لیے سود سے پاک قرضے فراہم کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں اسکولوں میں تدریس کےفرائض انجام دینے والے اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی دھڑوں میں مفاہمت اور ملک میں قومی حکومت کا قیام غزہ کے عوام کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا اور غزہ میں بے روزگاری کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینی نوجوانوں نے دنیا کے ہرشعبے میں اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ انہیں ہرقسم کی سہولت مہیا کرنا اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کے مواقع پیدا کرنا فلسطینی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وفود سے گفتگو کرتے ہوئے الحمد اللہ نے کہا کہ تمام فلسطینی جماعتوں نے اختلافات کو ختم کرکے قومی یکجہتی کا عزم صمیم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کے سرکاری ملازمین کا معاملہ پیچیدہ ضرور ہے مگر ناقابل حل نہیں۔ ملازمین کی تنخواہوں کے مسئلے کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو جلد ہی اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔

مختصر لنک:

کاپی