فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے جنوبی قصبے بیت امر میں ’کرمی زور‘ نامی یہودی کالونی کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین فلسطینی بچوں سمیت متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت امرمیں الظہر کے مقام پر جمع ہونے والے فلسطینیوں پر دھاتی گولیوں کی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مقامی سماجی کارکن اور صحافی محمد عیاد عوض نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے الظہر کے مقام پر فلسطینی شہریوں پر دھاتی گولیوں اورآنسوگیس سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں تین بچے زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونےوالے تینوں بچوں کی ٹانگوں میں گولیاں لگی ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
عوض نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ بھی کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری دم گھٹنے سے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ جواب میں فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فوج پر سنگ باری اور پٹرول بموں سے حملے کیے۔