جمعه 15/نوامبر/2024

فلسطین کی 120 این جی اوز نے قومی مفاہمتی مساعی کی حمایت کردی

منگل 3-اکتوبر-2017

فلسطین میں نجی شعبے میں کام کرنے والی 120 فلاحی، رفاعی اور انسانی بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے فلسطینی دھڑوں میں مفاہمت کے لیے ہونے والی کوششوں کی حمایت کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی ’این جی اوز‘ کی جانب سے گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ نجی سیکٹر میں کام کرنے والے ایک سو بیس اداروں اور تنظیموں نے ایک مہم شروع کی ہے جس کے تحت فلسطین میں قومی مفاہمت کے لیے عوام میں آگاہی کے ساتھ اس قومی مقصد کی حمایت کا حصول ہے۔

فلسطینی تنظیموں نے ایک مشترکہ پیٹیشن پر دستخط کیے ہیں۔ پیٹیشن میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی دھڑوں میں اتحاد اور قومی یکجہتی پوری فلسطینی قوم کی مشترکہ آواز ہے۔ فلسطینیوں کی جمہوری بنیادوں پر وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے اور ملک کی تمام این جی اوز قومی مفاہمتی اور مصالحتی مساعی کی حمایت کرتی ہیں۔

فلسطینی این جی اوز نیٹ ورک کی رابطہ کمیٹی کی رکن ھالہ جبر نے کہا کہ غزہ کی پٹی اور پوری فلسطینی قوم اتحاد اور قومی یکجہتی کے ایک نئے سفر کی شروعات کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں میں اتحاد قومی اور جمہوری اصولوں کے مطابق آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفاہمت اور مصالحت کا عمل فلسطینی دھڑوں کی سنجیدگی کا امتحان ہے۔ ھالہ جبر نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی طرف سے مفاہمت کے لیے لچک کا مظاہرہ کرنے اور مصر کی طرف سے مصالحتی کوششوں کی سرپرستی کرنے کی تحسین کی۔

مختصر لنک:

کاپی