شنبه 16/نوامبر/2024

غزہ کے تمام انتظامی امور مخلوط قومی حکومت کو سپرد

منگل 3-اکتوبر-2017

فلسطینی مخلوط حکومت کے سربراہ رامی الحمد اللہ نے کل سوموار کے روز غزہ کی پٹی کے دورے کے دوران غزہ کے تمام انتظامی امور اپنے ہاتھ میں لے لیے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز غزہ کے شمالی علاقے ایریز میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رامی الحمد اللہ نے کہا کہ قومی حکومت کی کامیابی کا دارو مدار زمین پر انتظامی امور کی صلاحیت پر ہے۔ اگر ہم شہریوں کی زندگی میں بہتری لا سکے تو یہی ہماری کامیابی ہوگی‘۔

بعد ازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ حماس کی جانب سے قومی مفاہمت کے لیے غزہ کی انتظامی کمیٹی تحلیل کرنا اہم قدم ہے۔ ہمیں اب بہت کچھ کرنا ہے‘۔

ایک سوال کے جواب میں قومی حکومت کے سربراہ کہنا تھا کہ ہمارا اصل مقصد اور ہدف غزہ کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ قومی حکومت زمین پر حقیقی تبدیلیوں کے لیے سلسلہ وار اقدات کرے گی۔

رامی الحمد اللہ کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام اب مزید انتشار اور بے اتفاقی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ ہرایک کو غزہ کے عوام کی زندگیوں میں آسانی لانی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

مخلوط حکومت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم یہاں اس لیے جمع ہوئے ہیں تاکہ یہ پیغام دے سکیں کہ غزہ اور غرب اردن کی وحدت کے بغیر فلسطینی ریاست کا کوئی تصور نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں قومی حکومت کی جانب سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد انتشار اور انقسام کو آج دفن کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی حکومت مصر کے ساتھ طے پائےامور اور شرائط کی روشنی میں غزہ کے تمام حل طلب مسائل حل کرے گی۔ ان میں غزہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی اور دیگر امور شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سنہ 2014ء سے فلسطین میں قومی حکومت کی تشکیل کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔ آج ہم مصر کی مساعی سے قومی حکومت کےقیام اور فلسطینیوں میں وحدت کے نئے سفر پر چل پڑے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی