جمعه 15/نوامبر/2024

عرب لیگ اور جامعہ الازھر کا فلسطینیوں میں مفاہمت کا خیر مقدم

منگل 3-اکتوبر-2017

فلسطینی دھڑوں میں مصر کی زیرنگرانی ہونے والی مفاہمت پر مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے خیر مقدم کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جامعہ الازھر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی دھڑوں میں مفاہمت کے نتیجے میں فلسطین میں قومی حکومت کا قیام اور قومی حکومت کے سربراہ رامی الحمد اللہ کی غزہ آمد اہم پیش رفت ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے درمیان مفاہمت کے عمل سے فلسطینی تحریک آزادی کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ جامعہ الازھر فلسطینیوں میں مفاہمت اور ان کی تحریک آزادی کی پر زور حمایت کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جامعہ الازھر آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت مقبوضہ بیت المقدس ہوگا کے حصول کے لیے فلسطینیوں کی جدو جہد کی حمایت کرے گی۔

ادھر عرب لیگ کے سربراہ احمد ابو الغیط نے بھی اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور تحریک فتح کے درمیان مفاہمت کو اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی قومی حکومت کے سربراہ  رامی الحمد اللہ کا غزہ کی پٹی کے انتظامی امور سنھبالنا خوش آئند ہے اور عرب لیگ فلسطینی قومی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز سے فلسطین کی قومی حکومت نے غزہ کی پٹی کے انتظامی امور سنھبال لیے ہیں۔ فلسطینی قومی حکومت کے سربراہ رامی الحمد اللہ گذشتہ روز غزہ پہنچے تھے جہاں مصری وفد کی موجودگی میں اختیارات قومی حکومت کے سپرد کیے گئے۔

مختصر لنک:

کاپی