فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود اور ان کے حقوق کے لیے قائم کردہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ نے بھی فلسطینی دھڑوں میں مفاہمت اور اس کے نتیجے میں قائم ہونے والی قومی حکومت کا خیر مقدم کیاہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’اونروا‘ کے ہائی کمشنر پییر کیرینپول نے غزہ کی پٹی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اونروا فلسطین میں قائم ہونے والی قومی حکومت کے ساتھ مل کر غزہ کے عوام کی معاشی مسائل کے حل کی کوششیں جاری رکھےگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی حکومت کے سربراہ رامی الحمد اللہ کو غزہ آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
مسٹر کرینپول کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام کے معاشی مسائل کے حل میں معاونت عالمی برادری کی بھی ذمہ داری ہے۔ اونروا غزہ میں بے رزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے قومی حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی۔
اقوام متحدہ کے عہدیدار نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے عوام کو کئی قسم کے بحرانوں کا سامنا ہے۔ بجلی، صحت، سوریج، صاف پانی کی کمی اور بنیادہ سہولیات جیسے مسائل نے غزہ کے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے سب کو تعاون کرنا ہوگا۔ غزہ میں بجلی کا بحران بنیاد مسئلہ ہے۔ اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد قومی حکومت سے امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے۔