مصر کے سیکیورٹی حکام کے وفد نے گذشتہ روز فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کا دورہ کیا جہاں وفد نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سمیت جماعت کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصری سیکیورٹی وفد آج غزہ کی پٹی میں انتظامی اختیارات قومی حکومت کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کرے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کے سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ مصری حکام کا اعلیٰ اختیاراتی وفد گذشتہ روز رفح گذرگاہ سے براہ راست غزہ پہنچا جہاں انہوں نے حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر حماس کے غزہ کی پٹی کے صدر یحییٰ السنوار بھی موجود تھے۔
حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے مصری وفد کی آمد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مصری حکام کا وفد فلسطینیوں کے درمیان مفاہمت کے لیے کی جانے والی قاہرہ کی مساعی کو آگے بڑھانے کے لیے غزہ پہنچا ہے۔
حماس کی قیادت اور مصری انٹیلی جنس حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطین کی مجموعی صورت حال بالخصوص غزہ کی پٹی کے عوام کو درپیش مسائل، قومی مفاہمت کے حوالے سے کی جانے والی کوششیں اور ان میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
غزہ کی پٹی کا دورہ کرنے والے مصری وفد میں اسرائیل کے ہاں تعینات مصری سفیر حازم خیریت، ڈاریکٹر اطلاعات برائے فلسطینی امور محمد المقادمہ میجر جنرل ھمام ابوزید اور جنرل سامح کامل شامل تھے۔
فلسطینی سیکرٹری داخلہ میجر جنرل توفیق ابو نعیم نے بتایا کہ مصری وفد کی آمد کے موقع پر مہمانوں کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتطامات کیے گئے ہیں۔ غزہ پہنچنے پر مصری وفد کا پرتپاک استقبال بھی کیا گیا۔