پنج شنبه 01/می/2025

تمام فلسطینی جماعتوں کا گرینڈ اجلاس جلد قاہرہ میں منعقد ہوگا

اتوار 1-اکتوبر-2017

تحریک فتح کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک سینیر رکن اور جماعت کے مرکزی رہ نما واصل ابو یوسف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام فلسطینی جماعتوں کا ایک نمائندہ اجلاس جلد مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام جماعتیں مصر میں قومی حکومت کی تشکیل، پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کی تیاری اور منصوبہ بندی کے لیے جلد ہی مصر کا دورہ کریں گی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایک انٹرویو میں واصل ابو یوسف نے کہا کہ تمام فلسطینی دھڑے گیارہ سال سے جاری اختلافات کو بھلا کر تمام ذمہ داریاں قومی حکومت کو دینے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور تحریک فتح کے مندوبین کا قاہرہ میں اجلاس متوقع ہے۔ اس کے علاوہ اس اجلاس میں دوسری فلسطینی جماعتیں بھی شرکت کریں گی۔

ایک سوال کے جواب میں تحریک فتح کے رہ نما نے کہا کہ قاہرہ میں جمع ہونے والی فلسطینی سیاسی قیادت ملک میں قومی حکومت کی تشکیل، پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے لیے تیاریوں کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرے گی۔

فلسطین میں نیشنل کونسل کے اجلاس اور کونسل کی نئی باڈی کے انتخاب کےحوالے سے ابو یوسف نے کہا کہ اس موضوع پر فی الحال مشاورت جاری ہے۔ حماس اور فتح کی قیادت نیشنل کونسل کے اجلاس کے حوالے سے بھی مشاورت کررہی ہیں۔ دوسری جماعتوں کو بھی مشاورت میں شامل کیا جا رہا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی