فلسطینی تحریک فتح کے ایک مرکزی رہ نما نے کہا ہے کہ صہیونی فوج کے جرائم کے رد عمل میں فلسطینیوں کے مزاحمتی حملوں کا تنہا ذمہ دار اسرائیل ہے۔ ان کا کہنا ہے جب تک فلسطینی قوم کے خلاف صہیونی ریاست کے مظالم جاری رہیں گے فلسطینی بھی رد عمل میں مزاحمتی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تحریک فتح کے رہ نما منیر الجاغوب نےایک بیان میں کہا کہ بیت المقدس میں ایک فلسطینی شہری کے فدائی حملے میں تین اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت جرائم کے خلاف رد عمل ہے۔جب اسرائیلی فوج نہتے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کرتی ہے تو ہم یہ کیسے توقع کرسکتے ہیں کہ فلسطینی قوم میں اس کے رد عمل کے جذبات پیدا نہیں ہوں گے۔ فلسطینیوں میں رد عمل، تشدد اور نفرت کے جذبات پیدا کرنے میں خود صہیونی فوج کا کلید کردار ہے۔
فتحاوی رہ نما نے کہا کہ اسرائیل کو بہ خوبی اس بات کا علم ہونا چاہیے کہ وہ جو کچھ فلسطینی قوم کے خلاف کررہاہے اس کے رد عمل میں فلسطینیوں میں صہیونی ریاست کے بارے میں نفرت ہی پیدا ہوسکتی ہے۔ جب فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کیا جائے گا، انہیں جبرا ان کے گھروں سے نکالا جائے گا، ان پر عرصہ حیات تنگ کیا جائے گا۔ بے گناہ فلسطینیوں کو راہ چلتے گولیاں مار کر شہید کیا جائے گا تو فلسطینی قوم میں انتقام کے جذبات پیدا نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل مقبوضہ بیت المقدس میں ایک فدائی حملے میں فلسطینی شہری نے تین صہیونی فوجیوں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا تھا۔