اسرائیلی فوج کے ایک سینیر عہدیدار نے کہا ہے کہ وہ بیت المقدس کے خان الاحمر قصبے کی طرز پر مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں واقع سوسیا قصبے سے بھی فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔
اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار ’ہارٹز‘ نے فوج کے ایک سینیر عہدیدار کا بیان ان کا نام ظاہر کئے بغیر نشر کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ الخلیل کے ’سوسیا‘ قصبے کو بھی ایسے ہی فلسطینی آبادی سے خالی کرانے پر کام کیا جا رہا ہے جیسے بیت المقدس کے خان الاحمر سے فلسطینی بدوؤں کو نکالنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اسرائیلی فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع خان الاحمر اور سوسیا کو فلسطینی آبادی سے خالی کرانے کے لیے مزید انتظار نہیں کرے گی۔ وزارت دفاع جلد ہی خود ہی سپریم کورٹ سےرجوع کرے گی تاکہ فوری طور پر سوسیا کو خالی کرانے کی اجازت حاصل کی جاسکے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق’سوسیا‘ قصبے میں 32 فلسطینی خاندان آباد ہیں جن میں 93 کم عمر بچے اور بچیاں ہیں۔ قصبے میں پہلی سے نویں جماعت تک اسکول، دیہی کونسل کا دفتر، پارک بھی قائم ہیں۔