جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی لابنگ ناکام، فلسطین انٹرپول کا رکن بن گیا

جمعرات 28-ستمبر-2017

صہیونی ریاست اور اس کے حامی ملکوں کی تمام تر مخالفت کے باوجود عالمی فوج داری پولیس کے ادارے’انٹرپول‘ نے فلسطین کو اپنا رکن تسلیم کرلیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز انٹرپول کے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے اجلاس میں فلسطین کی رکنیت کے لیے رائے شماری کی درخواست کی گئی۔ اس موقع پر اجلاس میں موجود 74 ممالک نے فلسطین کو رکنیت دینے کے حق میں رائے دی۔

رائے شماری میں فلسطین کو انٹرپول کی رکنیت ملنے کے بعد اسرائیلی حکومت نے سخت تشویش اور غم وغصے کا اظہار کیا ہے جب فلسطینی اتھارٹی، عرب ممالک اور عالم اسلام کی طرف سے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی نے انٹرپول کی رکنیت کے لیے فلسطین کی حمایت کرنے والے ممالک کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ انٹرپول کی جانب سے فلسطین کی رکنیت قبول کرنا فلسطینی ریاست کے نفاذ قانون، ادارے کی بنیادی اقدار اور اصولوں پر پابندی اور فلسطینی قوم کے حقوق کو تسلیم کرنے  کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹرپول میں فلسطین کو رکنیت کا درجہ ملنے کے بعد عالمی سطح پر فلسطینی کردار دار کرنے، فلسطینی قوم کے حقوق کے دفاع، آزادی کے لیے سفارتی اور قانونی ذرائع اختیار کرنے اور مزید عالمی اداروں میں شمولیت کا نیا موقع مل گیا ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل کئی ماہ سے فلسطین کو انٹرپول کی رکنیت سے محروم  رکھنے کے لیے لابنگ کرنے کے لیے کوشاں تھا۔ صہیونی ریاست کی طرف سے انٹرپول کو بھی درخواست دی گئی تھی کہ وہ فلسطینی ریاست کو رکنیت دینے کے حوالے سے رائے شماری کو فی الحال موخر کردے تاہم انٹرپول نے اسرائیلی درخواست رد کردی تھی۔

فلسطینی اتھارٹی نے 2015ء میں انٹرپول کی رکنیت کے حصول کے لیے درخواست دی تھی۔ انسانی حقوق کے حلقوں اور عالمی ماہرین قانون نے فلسطین کو انٹرپول کی رکنیت حاصل ہونے کو غیرمعمولی پیش رفت قرار دیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی