جمعه 15/نوامبر/2024

فلسطینی علماء کا سابق مرشد عام مہدی عاکف کو شاندار خراج عقیدت

اتوار 24-ستمبر-2017

فلسطینی علماء، مذہبی شخصیات اور سیاسی رہ نماؤں نے اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام محمد مہدی عاکف کی دینی اور ملی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہدی عاکف حق اور سچ پر ثابت قدمی سے چلنے اور صبر و استقلال کا پہاڑ تھے۔ ان کی دینی اور ملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ مہدی عاکف جمعہ کے روز 89 سال کی عمر میں مصر میں دوران حراست انتقال کر گئے تھے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی علماء کونسل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مہدی عاکف کی موت سے عالم اسلام ایک مخلص دینی شخصیت سے محروم ہوگیا۔
مہدی عاکف نہ صرف اخوان المسملون کے کارکنان اور رہ نماؤں کے لیے عملی نمونہ تھے بلکہ وہ پوری مسلم امہ اور آنے والی نسلوں کے لیے صبر واستقلال اور سچائی پر قائم رہنے کا نمونہ ثابت ہوں گے۔ فلسطین بالخصوص القدس، الاقصیٰ اور فلسطینی قوم کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم اس بات کا ادراک کرتے ہیں کہ عالم اسلام اس وقت گھمبیر بحرانوں سے گذر رہا ہے۔ ایک آندھی اور طوفان ہے جس نے عالم اسلام کو گھیر رکھا ہے۔ ایسے میں امت کی کشتی کی صحیح پاسبانی کرنے والوں میں ایک نام مہدی عاکف کا تھا۔ مہدی عاکف نے اپنی زندگی میں آنے والی نسلوں کے لیے ایک نمونہ قائم کیا ہے۔ وہ مسلمانوں کے درمیان گردنیں کاٹنے کے بجائے محبت کےپل تعمیر کرنے کے لیے کوشاں رہے۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے بھی سابق مرشد عام محمد مہدی عاکف کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ فلسطینی  مزاحمتی تنظیموں نے اپنے الگ الگ بیانات میں اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام محمد مہدی عاکف کی موت کو عالم اسلام کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہدی عاکف نے مسلم امہ کو تباہ کرنے کے مذموم منصوبوں کے سامنے بند باندھنے اور انہیں متحد کرنے کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

 

مختصر لنک:

کاپی