اسرائیلی فوج کے مبینہ جنگی طیاروں نے جمعہ کو علی الصباح شام کے دارالحکومت دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈےپرقائم ایک اسلحہ ڈپو پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آتش زدگی ہوئی ہے۔
اخباری رپورٹس کے مطابق جمعہ کو علی الصباح اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور اس کے مضافات میں بمباری کی۔ بموں اور میزائلوں سے ایک اسلحہ کے گودام کو نشانہ بنایاگیا تاہم اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بمباری سے کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا تاہم ہوائی اڈے کی عمارتوں اور ایک اسلحہ گودام کو نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیلی طیاروں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے توپخانے سے شدید گولہ باری کی گئی۔
اسرائیلی فوج یا شام کی جانب سے سرکاری سطح پر اس حملے کے بارے میں کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔