گذشتہ کئی ماہ سے قطر پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا الزام عاید کرنے کےبعد سعودی عرب اور مصر نے دوحہ کا بائیکاٹ کر رکھا ہے مگر امریکا میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ان تینوں ملکوں کے وزراء خارجہ کو ایک میز پر دیکھا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شام کے معاملے پرہونے والے ایک اجلاس میں قطر ، سعودی عرب اور مصر کے وزراء خارجہ نے شرکت کی۔ گذشتہ جون کے بعد سعودی اور مصری وزراء خارجہ کو پہلی بار قطری وزیرخارجہ کے پہلو میں دیکھا گیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرخارجہ عبدالرحمان آل ثانی، ان کے سعودی ہم منصب عادل الجبیر اور مصر کے سامح شکری شام سے متعلق ہونے والے ایک اجلاس میں ایک میز پر موجود تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر ، سعودی عرب اور مصری وزراء خارجہ نے شام کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ میل ملاقاتوں کے نتیجے میں دو طرفہ تناؤ میں کمی آئی ہے۔ اس موقع پر تینوں ملکوں کے وزراء خارجہ نے شام میں داعش کے خلاف جاری جنگ میں ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔