اسرائیل کے عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل 7 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ داخلی سلامتی کے خفیہ ادارے ’شاباک‘ نے منگل کو جاری کردہ ایک اعلان میں بیت المقدس سے فلسطینیوں کا ایک خفیہ سیل پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ خفیہ تنظیم مبینہ طور پر اسرائیلی فوج اور اسرائیلی ریاست کی حساس تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔
عبرانی ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بیت المقدس سے خفیہ سیل سے وابستہ 8 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ دوران تفتیش انہوں نے فوج پر فائرنگ اور دیگر حملوں کا اعتراف کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مزحمتی سیل کی کمان 39 سالہ محمد فروخ نامی ایک فلسطینی کررہا تھا۔ اس کا تعلق بیت المقدس کے سلوان قصبے سے ہے۔ اس نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوج پرحملوں کے لیے غزہ اور لبنان میں موجود مزاحمتی گروپوں سے بھی رابطے میں رہا ہے۔
خفیہ سیل جسے’سلوان کے بھوت‘ کا نام دیا گیا میں 39 سالہ محمد فروخ، 21 سالہ امیر فروخ، 22 سالہ سعود علیان، 21 سالہ علی عباسی، 21 سالہ محمد ابو تایہ اور دیگر کم عمرل لڑکے شامل ہیں۔ ان سب کو اسرائیلی فوج پر سنگ باری کرنے اور دیگر مزاحمتی کارروائیوں میں حصہ لینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان پر عدالتوں میں مقدمات چلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔